
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ 27 ویں ترمیم سے متعلق بیان سے بلاول بھٹو کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔
’’جیو نیوز ‘‘کے پروگرام ’’کیپٹل ٹاک‘‘ میں سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ اور پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیازی نے شرکت کی۔
سینیٹر رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو کے اس بیان پر کہ 27ویں ترمیم جبری اکثریت سے کی گئی ہے، ان کی نااہلی کا خطرہ پیدا ہوگیا ہے۔ اگر ایک پارٹی کا لیڈر یہ کہے کہ میں نے دباؤ میں آکر آئینی ترمیم پر ووٹ دیا ہے تو اس بیان سے ان کی نااہلی ہوسکتی ہے۔ بلاول بھٹو 27ویں ترمیم کے تحت بننے والے جوڈیشل کمیشن کے بینیفشری ہیں، پی پی چیئرمین نے آج ناراضی میں یہ باتیں کی ہیں۔بلاول بھٹو سندھ کی تقسیم کی بات پر ناراض ہوئے ہیں، وہاں واقعی ان کے لیے ایک مسئلہ ہے، ہمیں شروع سے پتا ہے سندھ کی تقسیم کی بات پر پیپلز پارٹی کے تحفظات ہیں۔
وزیراعظم کے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ اگر ریفرنڈم ہونا ہے تو ریفرنڈم کا فیصلہ بھی پارلیمنٹ کو کرنا ہے، نئےصوبوں کا معاملہ پارلیمنٹ میں آئے گا تو اس پر سیر حاصل بحث ہوگی، اتفاق رائے سے ہی صوبے بنیں گے۔ریفرنڈم کے ذریعے عوام کی رائےمعلوم کی جاسکتی ہے، اگر عوام کی رائے معلوم کرلی جائے تو کوئی حرج نہیں، عوام کی رائے سے سب کو رہنمائی مل سکتی ہے۔
