
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی کراچی کے امیر منعم ظفر خان نے پولیس کی جانب سے جماعت اسلامی کے بلدیاتی نمائندوں کے خلاف غیر اعلانیہ کریک ڈاؤن کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ 10 سے زائد یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے تاہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں اور اپنے لائحہ عمل کا اعلان جلد کریں گے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے تصدیق کی کہ پورے کراچی سے جماعت اسلامی کے یوسی چیئرمینوں اور کونسلروں کو حراست میں لے لیا گیا ہے، تھانوں سے کال کر کے ہمارے منتخب نمائندوں کو بلایا جا رہا ہے اور حراست میں لیے جانے کی کوئی وجہ نہیں بتائی جا رہی۔
ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق گرفتار ہونے والوں میں خورشید اقبال چیئرمین یوسی 7 زمان ٹاؤن، عادل محمد وائس چیئرمین یوسی 6 گلشن اقبال، اطہر امام کونسلر یوسی 1 چنیسر، جاوید کونسلر یوسی 1 گلشن، ساجد جیلانی وارڈ 3 کونسلر یوسی 1 جناح ٹاؤن، اللہ گل پولیس اسٹیشن سائٹ سپر ہائی وے شامل ہیں۔
