
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکا اور ایران کے درمیان دو ہفتوں سے جاری کشیدگی کے بعد ہفتے اور اتوار کو حملے روک دیئے جانے کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں پیر کے روز تقریباً 5 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ خام تیل کی قیمت 4.89 ڈالر یا 5.05 فیصد کم ہو کر 91.89 ڈالر فی بیرل پر آ گئی۔ کاروبار کے دوران برینٹ خام تیل کی قیمت کچھ دیر کے لیے 90 ڈالر فی بیرل سے بھی نیچے چلی گئی۔
اسی طرح امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ خام تیل کی قیمت 4.67 ڈالر یا 5.23 فیصد کمی کے بعد 84.64 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
اس تنازع نے بحیرہ احمر تک بھی اثر ڈالا، جہاں باب المندب کی گزرگاہ متاثر ہونے سے دنیا کے سب سے بڑے تیل برآمد کنندہ ملک سعودی عرب کی ایشیا کو تیل کی برآمدات میں بھی رکاوٹ پیدا ہوئی تھی۔
دوسری جانب بحیرہ احمر میں باب المندب کی گزرگاہ سے جہازوں کی آمد و رفت بھی اتوار کو کم رہی، کیونکہ یمن کے حوثی باغیوں نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی تیل تنصیبات پر حملے کیے۔ تاہم ایک تیسرا چینی سپر ٹینکر باب المندب کے راستے وہاں سے گزرنے میں کامیاب رہا۔
