
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایرانی صدر اور وزیراعظم کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا، جس میں دونوں رہنماؤں نے عیدالاضحیٰ پر مبارک باد دی جبکہ وزیراعظم نے امید ظاہر کی امن معاہدہ جلد طے ہوجائے گا اور یہ ایرانی قوم کے وقار اور عزتِ نفس کے مطابق ہوگا۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کو اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی جانب سے عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹیلی فون کال موصول ہوئی اور دونوں رہنماؤں کے درمیان تقریباً 30 منٹ تک گرمجوش اور دوستانہ گفتگو ہوئی۔دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو، اپنے اپنے ممالک کے عوام اور پوری مسلم اُمہ کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ایرانی صدر نے خطے میں امن کے قیام کی کوششوں میں پاکستان کے اہم کردار پر وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس امر کو بھی سراہا کہ سعودی عرب، قطر اور ترکیہ سمیت دیگر علاقائی ممالک بھی ان امن کوششوں میں شریک ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا اور خطے میں امن کی بحالی کے بعد دونوں ممالک کے لیے روشن اور خوشحال مستقبل موجود ہے۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی رابطے اور قریبی مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
