
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)کراچی ائیرپورٹ کی پارکنگ میں لفٹنگ کے دوران لاکھوں روپے مالیت کی ہائبرڈ کار جل کر خاک ہوگئی۔
جیو نیوز کے مطابق ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کے جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ کی پارکنگ میں کار میں آگ لگنے کا واقعہ گزشتہ ہفتے پیش آیا اور جناح ٹرمینل آنے والے شخص نے مبینہ طور پر کار نوپارکنگ میں پارک کی تھی۔
جناح ٹرمینل پر پارکنگ کا انتظام چلانے والی نجی کمپنی نو پارکنگ پر کھڑی گاڑیوں کو لفٹر کے ذریعے اٹھا کر بھاری جرمانے وصول کرتی ہے، اس کمپنی کے لفٹر آپریٹر نے جیسے ہی کار کو اٹھایا، کار کے اندر آگ بھڑک اٹھی تاہم اس دوران لفٹر ڈرائیور جلتی کار کو دیگر گاڑیوں سے بچا کر پارکنگ کے سنسان مقام تک پہنچانے میں کامیاب ہوگیا۔
دوسری جانب اطلاع ہے کہ کار مالک نے نجی کمپنی پر نقصان کا دعویٰ کر دیا ہے۔
جناح ٹرمینل کی پارکنگ میں جہاں بیک وقت سینکڑوں گاڑیاں پارک ہوتی ہیں، نہ تو فائر ہائیڈرینٹ موجود ہیں اور نا ہی آگ پر فوری قابو پانے کا کوئی اور انتظام ہے۔
