
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن)سندھ کابینہ نے گاڑیوں کی رجسٹریشن اور انشورنس نظام سے متعلق اہم اصلاحات منظور کرلیں۔
نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزرا، مشیران، معاونین خصوصی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف عباس اور متعلقہ محکموں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں طرزِ حکمرانی، عوامی انتظام، انفرا اسٹرکچر، تعلیم، صحت، محنت کشوں کی فلاح اور معاشی اصلاحات سے متعلق 20 سے زائد نکات پر غور کیا گیا۔
سندھ کابینہ نے محکمہ ایکسائز کی جانب سے گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹیکس اور انشورنس نظام میں اصلاحات کی تجاویز منظور کر لیں۔ کابینہ نے آف روڈ اور تباہ شدہ گاڑیوں کی ڈی رجسٹریشن پالیسی کی بھی منظوری دی، جبکہ وزیراعلیٰ سندھ نے رجسٹریشن نظام کو مزید شفاف اور مؤثر بنانے کی منظوری بھی دے دی۔
موٹر تھرڈ پارٹی انشورنس سے متعلق اصلاحات کو ایس ای سی پی، سی ڈی سی اور انشورنس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی اصولی حمایت بھی حاصل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے عوامی سہولت، شفافیت اور بہتر انتظامی نظام کے لیے ان اصلاحات کی منظوری دے دی۔
