
بیجنگ(ڈیلی پاکستان آن لائن)چین اور پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان فوری جنگ بندی اور مذاکرات کی بحالی پر زور دیا ہے۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور کے علاوہ خطے کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی میڈیا کے مطابق چینی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کا مؤقف ہے کہ کشیدگی میں کمی اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی رابطوں کی بحالی ناگزیر ہے۔ تمام فریق جنگ بندی سے متعلق مفاہمتی یادداشت کی مکمل پاسداری کریں اور اپنے کیے گئے وعدوں کو پورا کریں۔
ترجمان کے مطابق ملاقات میں سی پیک ٹو، تجارت، سرمایہ کاری، ڈیجیٹل معیشت اور مصنوعی ذہانت میں تعاون بڑھانے پر زور دیا گیا، فریقین نےتازہ ترین علاقائی وعالمی پیشرفت اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
