
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے پشاور پریس کلب کی نئی عمارت کا جلد سنگِ بنیاد رکھنے اور پشاور کے صحافیوں کے لیے الگ انڈوومنٹ فنڈ کے قیام سے اصولی اتفاق کرتے ہوئے صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد اقدامات کا اعلان کیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت آزاد، ذمہ دارانہ اور خودمختار صحافت کے فروغ کے ساتھ صحافیوں کو محفوظ اور سازگار ماحول کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27 کے بجٹ میں کارکن صحافیوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جبکہ میڈیا کالونیز کے قیام، فزیبلٹی اور ڈیزائن کے لیے 50 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔
انہوں نے نیو پشاور ویلی سٹی میڈیا انکلیو کے منصوبے پر صحافیوں کو اعتماد میں لینے اور قواعد و ضوابط کے مطابق پیش رفت یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی، جبکہ صحافیوں کے لیے مطالعاتی دوروں کے انعقاد کی بھی ہدایت جاری کی۔
اس موقع پر پشاور پریس کلب کے جنرل سیکرٹری نے وزیراعلیٰ کو پریس کلب کے دورے اور نئی عمارت کا سنگِ بنیاد رکھنے کی دعوت بھی دی۔
