
ریاض(ڈیلی پاکستان آن لائن)سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے بدھ کی شام اعلان کیا کہ اس نے ملک کی جانب آنے والے دو ڈرونز کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے۔ ان میں سے ایک ڈرون ریاض کے علاقے جبکہ دوسرا سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب آ رہا تھا۔
اتحاد کے مطابق یہ ڈرونز یمن میں سرگرم ایرانی حمایت یافتہ حوثی تحریک کی جانب سے بھیجے گئے تھے۔
بی بی سی اردو کے مطابق یمن کی حکومت کی حمایت کرنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے ایکس پر بتایا کہ ’دہشت گرد حوثی گروہ کی جانب سے بھیجے گئے دو ڈرونز کو ریاض اور جنوبی علاقوں میں روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘
بدھ کے روز یہ دوسرا موقع تھا جب سعودی اتحاد نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے میزائل یا ڈرون کو روکنے کا اعلان کیا۔
اس سے قبل بدھ کی صبح اتحاد نے ریاض کی جانب داغا گیا ایک کروز میزائل تباہ کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ یہ اعلان سعودی دارالحکومت میں زور دار دھماکے کی آواز سنائی دینے کے کچھ ہی دیر بعد سامنے آیا تھا۔
ترکی المالکی نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا تھا کہ ’حوثیوں کی جانب سے ریاض کے علاقے کی طرف داغے گئے کروز میزائل کو روک کر تباہ کر دیا گیا ہے۔‘
اتحاد نے اس سے چند گھنٹے پہلے بھی ایک اور کروز میزائل کو فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا تھا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے جنوبی علاقے شرورہ میں شہری دفاع کے ادارے نے بدھ کو ممکنہ خطرے سے خبردار کرنے کے لیے الرٹ جاری کیا، جسے چند منٹ بعد واپس لے لیا گیا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے نمائندوں کے مطابق بدھ کی صبح ریاض کے شمالی علاقے میں ایک زوردار دھماکے کی آواز بھی سنی گئی تھی۔
ادھر حوثی تحریک کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے بدھ کی شام دعویٰ کیا کہ سعودی طیاروں نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران یمن میں 87 فضائی اور میزائل حملے کیے ہیں۔
ان کے مطابق ان حملوں میں دارالحکومت صنعا کے علاوہ الجوف، تعز، عمران، لحج، صعدہ، البیضا، مارب اور اِب کے صوبوں میں شہری مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
حوثی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ ان حملوں کے نتیجے میں شہری ہلاک اور زخمی بھی ہوئے ہیں۔
تاہم سعودی اتحاد اور حوثی تحریک کی جانب سے سامنے آنے والے ان دعوؤں کی آزادانہ تصدیق تاحال سامنے نہیں آئی۔
