جان لیوا حادثات میں ملوث ڈرائیورز کے لائسنس کے ساتھ گاڑیوں کے روٹ پرمٹ بھی معطل ہوں گے، سی ٹی او لاہور

بڑا ڈیٹا Oct 26, 2026 IDOPRESS

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیف ٹریفک آفیسر لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا ہے کہ ٹریفک حادثات کی روک تھام اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سخت قانونی اقدامات جاری ہیں، جان لیوا حادثے کی صورت میں ڈرائیور کے لائسنس کے ساتھ گاڑی کا روٹ پرمٹ بھی معطل کیا جائے گا۔


سی ٹی او لاہور کے مطابق ہیوی، کمرشل اور پبلک سروس گاڑیاں مجموعی ٹریفک کا صرف 4 فیصد ہیں، لیکن حادثات میں ان کا تناسب 44 فیصد ہے۔ رواں سال جان لیوا حادثات میں ملوث 177 ڈرائیورز کے لائسنس معطل کیے جا چکے ہیں، جبکہ ایسے حادثات میں ملوث 97 پبلک سروس گاڑیوں کے روٹ پرمٹ معطل کرنے کے لیے متعلقہ حکام کو مراسلے بھجوا دیے گئے ہیں۔


سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ ہر مہلک اور شدید غیر مہلک حادثے کی صورت میں ڈرائیور کا لائسنس معطل کیا جائے گا۔ لائسنس کے ساتھ روٹ پرمٹ کی معطلی کا مقصد یہ یقینی بنانا ہے کہ متعلقہ گاڑی کوئی دوسرا ڈرائیور بھی نہ چلا سکے۔ جان لیوا حادثات کے ذمہ دار ڈرائیورز کو لائسنس کی معطلی کے علاوہ قانونی کارروائی کا بھی سامنا کرنا ہوگا، تاہم لائسنس کی معطلی عدالتی احکامات سے مشروط ہوگی۔


انہوں نے خبردار کیا کہ معطل شدہ لائسنس کے باوجود دوبارہ ڈرائیونگ کرنے والوں کے خلاف مقدمہ درج کیا جا سکتا ہے، جبکہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ پر لائسنس کم از کم چھ ماہ سے تین سال تک معطل رہے گا۔


سی ٹی او لاہور نے انتہائی خطرناک حد تک سموگ کا باعث بننے والی گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لائسنس معطل کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر ذمہ دارانہ ڈرائیونگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور حادثات کے سدباب کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانا ہوگی۔


سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ حادثات کی روک تھام اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے سخت قانونی اقدامات جاری رہیں گے، جبکہ ٹریفک قوانین کی پابندی ہی حادثات میں کمی اور محفوظ لاہور کی ضمانت ہے۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں