
جدہ ( محمد اکرم اسد ) قونصلیٹ جنرل آف پاکستان جدہ نے یکم اکتوبر سے کمیونٹی کو پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کے حصول کے لئے قونصلر خدمات کی فراہمی کے لئے آن لائن بُکنگ کا اعلان کر دیا جسکی بُکنگ ۲۰ ستمبر سے شروع کر دی گئی ہے، اس سلسلہ میں قونصل جنرل سید مصطفیٰ ربانی نے میڈیا کے نمائندوں کو نادرا اور پاسپورٹ سے متعلق یکم اکتوبر سے متعارف کرائے گئے آن لائن بُکنگ نظام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔
قونصل جنرل نے میڈیا نمائندگان کو نئے نظام کے طریقۂ کار، آن لائن بُکنگ کے حصول اور قونصلر خدمات تک رسائی کے حوالے سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید آن لائن نظام کا مقصد پاکستانی کمیونٹی کے لیے نادرا اور پاسپورٹ کی سہولیات کو مزید منظم، آسان اور مؤثر بنانا ہے جس سے نہ صرف خدمات کے حصول کے لیے آنے والوں کے وقت کی بچت ہو گی اور انہیں بہتر ماحول میں بروقت اور سُرعت کے ساتھ خدمات مل سکیں گی۔ قونصل جنرل مصطفیٰ ربانی نے امید ظاہر کی کہ کمیونٹی قونصلیٹ کے اس نظام کو مثبت انداز میں لے گی۔
سید مصطفیٰ ربانی نے میڈیا کے مثبت کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ نئی سہولت کے بارے میں پاکستانی کمیونٹی تک درست اور بروقت معلومات پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
اس موقع پر میڈیا نمائندگان نے قونصل جنرل کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کو قونصلر خدمات کی فراہمی میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے نئے آن لائن بُکنگ نظام سے متعلق معلومات پاکستانی کمیونٹی تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔
