
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) خیرپور کے حلقے پی ایس 30 میں ہونے والے ضمنی انتخاب میں غیر حتمی نتائج کے مطابق پیپلزپارٹی کے امیدوار نے فتح حاصل کرلی۔
نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کے مطابق ریٹرننگ آفیسر نے غیر حتمی نتائج کے مطابق فارم 47 جاری کردیا، جس کے تحت پیپلز پارٹی کے اسفند کھرل 48986 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے جبکہ ان کے مد مقابل آزاد امیدوار تصور شاہ 1299 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
ترجمان الیکشن کمشنر سندھ کا مزید کہنا ہے کہ پی ایس 30 خیرپور میں ڈالے گئے ووٹوں کی شرح 20.53فیصد رہی۔
ضمنی انتخاب میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہی،حلقہ میں ووٹنگ کے لیے 164 پولنگ سٹیشنز قائم کیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ حلقہ پی ایس 30 کی نشست پیپلز پارٹی کے نعیم کھرل کے انتقال کے بعد خالی ہوئی تھی۔
