
نئی دہلی(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارتی ریاست راجستھان میں شادی کی خوشیاں اس وقت غم میں تبدیل ہو گئیں جب دلہن کا والد ڈانس کرتے ہوئے دل کا دورہ پڑتے ہی چل بسا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ریاست راجستھان کے ضلع اُدے پور میں بیٹی کی شادی کی تقریب میں رقص کرتے ہوئے 51 سالہ باپ دل کا دورہ پڑنے سے چل بسا، تاہم اہل خانہ نے باپ کی موت کا صدمہ چھپاتے ہوئے پہلے بیٹی کی شادی مکمل کی اور بعد ازاں اسی روز آخری رسومات ادا کردیں۔
رپورٹس کے مطابق شنکر لال میگھوال 20 نومبر کی شب اپنی بیٹی پریانکا کی شادی سے قبل ہونے والی تقریب میں رقص کر رہے تھے کہ اچانک ان کے سینے میں درد اٹھا اور طبیعت بگڑ گئی، انہیں فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔
اہلخانہ نے ابتدا میں ان کی اہلیہ اور بیٹی کو موت کی اطلاع نہیں دی اور بتایا کہ وہ انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) میں زیرِ علاج ہیں۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر دلہا اپنے تقریباً 15 سے 20 رشتہ داروں کے ہمراہ دلہن کے گھر پہنچا اور 21 نومبر کی رات تقریباً 3 بجے شادی کی رسومات مکمل کرلی گئیں۔ بیٹی کی رخصتی کے بعد اسی روز شنکر لال کی آخری رسومات ادا کردی گئیں۔
