
نیویارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو یکطرفہ اورغیر قانونی طور پر معطل کرنے کے اقدام اور پاکستان کی طرف آنے والے دریاؤں کا پانی روکنے کی دھمکیوں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ مشترکہ قدرتی وسائل کو بطور ہتھیار استعمال کرنا بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی، 24 کروڑ سے زائد افراد کے روزگار اور فلاح و بہبود کے لیے خطرہ اور علاقائی امن و استحکام کے منافی ہے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے رکن ملک لائبیریا کے زیر اہتمام ’’قدرتی وسائل اور تنازعات: روک تھام اور امن کے لیے تعاون کا فروغ‘‘ کے موضوع پر منعقدہ آریا فارمولا اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب سفیر عثمان جدون نے کہا کہ مستقل ثالثی عدالت نے 31 اگست 2026ء کے اپنے فیصلے میں اس بات کی توثیق کی ہے کہ سندھ طاس معاہدہ بدستور نافذ العمل ہے اور بھارت اس کے تحت اپنی ذمہ داریوں کا پابند ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ قدرتی وسائل کا انتظام اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قانون اور قدرتی وسائل پر مستقل خودمختاری کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے، جسے جنرل اسمبلی کی قرارداد 1803 میں بھی تسلیم کیا گیا ہے۔
اپنے خطاب کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کا مشترکہ مقصد قدرتی وسائل کو استحصال، عدم مساوات اور تنازعات کے بجائے تعاون، مشترکہ خوشحالی اور پائیدار امن کا ذریعہ بنانا ہونا چاہئے۔
