
راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن) آل پاکستان پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل مسترد کرتے ہوئے 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ تیار کر لیاجسے آئندہ 24 گھنٹے میں حکومت اور متعلقہ اداروں کو بھجوایا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو 15 جون کے بعد ملک گیر ہڑتال کی جائے گی۔ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرول پمپ مالکان کا کمیشن فیصد کی بنیاد پر مقرر کیا جائے ، فارم K ڈیلر یا مالک کے نام جاری کیا جائے ، لیز اور فرنچائز ایگریمنٹس ختم کیے جائیں اور پٹرول پمپ مالکان کو ریفائنریوں سے براہِ راست پٹرولیم مصنوعات خریدنے کی اجازت دی جائے ۔چارٹر میں بلوچستان میں پٹرولیم مصنوعات کی سمگلنگ کے خلاف سخت کارروائی، غیر قانونی راستوں کی بندش، سہولت کاری میں ملوث اہلکاروں کے خلاف قانونی ایکشن اور متعلقہ افسران کے اثاثوں کی تحقیقات کا مطالبہ بھی شامل ہے۔
