
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) پنجاب حکومت نے پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ائیرپورٹس کی سکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے صوبے بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق محکمہ داخلہ کاکہنا ہے کہ حساس فضائی تنصیبات کے اطراف 13 کلومیٹر کے دائرے میں مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کی گئی ہے تاکہ فلائٹ آپریشنز کو محفوظ بنایا جا سکے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔
لاہور سے جاری اعلامیے کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے بھر میں قائم پاک فضائیہ کے ائیر بیسز اور کمرشل ہوائی اڈوں کے اطراف دفعہ 144 نافذ کر دی ہے، تاہم پابندیوں کا اطلاق 30 روز کیلئے ہوگا۔
اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گوشت اور آلائشوں کی وجہ سے پرندے ان علاقوں کی جانب راغب ہوتے ہیں، جو طیاروں اور مسافروں کیلئے خطرناک صورتحال پیدا کر سکتے ہیں، اسی وجہ سے ائیرپورٹس اور گرد و نواح میں صفائی کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
پنجاب حکومت نے ضلعی انتظامیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو احکامات پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنانے کی بھی ہدایت جاری کر دی ہے۔
