
واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب بھی ممکن ہے،ان کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی فوج نے جنوبی ایران پر نئے حملے کیے ہیں اور نازک جنگ بندی مزید غیر مستحکم ہو چکی ہے۔
انڈیا کے سرکاری دورے کے دوران جے پور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو نے کہا: ’ قطر میں مذاکرات جاری تھے، دیکھنا ہوگا کہ کوئی پیش رفت ہو سکتی ہے یا نہیں۔ میرا خیال ہے کہ زیادہ وقت دستاویزات کے متن میں استعمال ہونے والے الفاظ اور اصطلاحات کی درستی پر صرف ہوتا ہے، اس لیے اس میں چند دن لگیں گے۔‘
بی بی سی کے مطابق انھوں نے مزید کہا کہ ’صدر نے اس کام کو انجام دینے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ وہ یا تو ایک اچھا معاہدہ حاصل کریں گے یا کوئی معاہدہ نہیں کریں گے۔‘
امریکی وزیر خارجہ نے صحافیوں کو بتایا کہ وہ ہر صورت آبنائے ہرمز کو کھولیں گے۔ ان کا کہنا تھاکہ ’جو کچھ وہاں ہو رہا ہے، وہ غیر قانونی ہے اور قواعد کے خلاف ہے۔ یہ دنیا کے لیے عدم استحکام کا باعث ہے اور ناقابل قبول ہے۔‘
