
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرحوم رہنما، سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر مشاہد اللہ خان کی صاحبزادی لامعہ مشاہداللہ نے کہا ہے کہ سیاست ہمارے خون میں شامل ہے، عوامی خدمت ہمیشہ میری زندگی کا حصہ رہے گی۔
لامعہ مشاہد اللہ نے وی نیوز ایکسکلوسیو میں گفتگو کرتے ہوئے اپنے والد کی شخصیت، سیاسی زندگی سمیت اہم موضوعات پر اظہار خیال کیا۔انہوں نے کہاکہ وہ اس وقت نوجوانوں کی ترقی کے شعبے میں کام کررہی ہیں اور ٹیکنالوجی و ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کو یکجا کرکے نوجوانوں کے مسائل کے جدید اور مستقبل سے ہم آہنگ حل تلاش کر رہی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف کی خاص بات یہ ہے کہ وہ سیاسی تعلقات کو خاندانی رشتوں میں بدل دیتے ہیں اور آج بھی ان کے خاندان کے افراد کی خیریت دریافت کرتے رہتے ہیں۔
لامعہ مشاہد اللہ نے کہاکہ شادی کے اگلے ہی دن انہیں ایک نامعلوم نمبر سے فون آیا اور انہیں اگلی صبح وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ساتھ ملاقات کے لیے بلایا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ملاقات کے دوران مریم نواز نے ان کے کام میں دلچسپی لی اور نوجوانوں کی ترقی سے متعلق منصوبوں کو پورے پنجاب میں وسعت دینے کی حوصلہ افزائی کی۔
لامعہ مشاہد کے مطابق مریم نواز کا ورک ایتھک انتہائی مضبوط ہے اور وہ منصوبوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے بھرپور انداز میں کام کرتی ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ایک خاتون رہنما کے طور پر مریم نواز نے پاکستان میں کام کے معیار کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے جس پر انہیں فخر محسوس ہوتا ہے۔
سیاست میں آنے کے سوال پر لامعہ مشاہد اللہ نے کہاکہ سیاست ان کے خون میں شامل ہے کیونکہ انہوں نے بچپن سے اپنے والد کو عوامی خدمت کرتے دیکھا ہے۔
انہوں نے کہاکہ وہ پہلے ویلتھ مینجمنٹ کے شعبے سے وابستہ تھیں لیکن بعد ازاں عوامی خدمت کے جذبے کے تحت نوجوانوں کی ترقی کے میدان میں آگئیں۔ان کے مطابق عوامی خدمت ہمیشہ ان کی زندگی کا حصہ رہے گی اور مستقبل میں سیاست میں آنے کا امکان بھی موجود ہے۔
لامعہ مشاہد اللہ نے کہاکہ ان کے والد کے پاس اپنا ذاتی گھر بھی نہیں تھا اور خاندان نے ہمیشہ کرائے کے گھر میں زندگی گزاری۔انہوں نے کہاکہ مشاہد اللہ خان نے نہ زمینیں بنائیں اور نہ ہی جائیدادیں جمع کیں بلکہ جو کچھ ان کے پاس ہوتا تھا وہ اپنے اہل خانہ پر خرچ کر دیتے تھے۔ان کے مطابق اس طرز زندگی نے خاندان کو سادگی اور محدود وسائل میں زندگی گزارنے کا ہنر سکھایا۔
