
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)برطانوی دفتر خارجہ نے اپنے شہریوں کو سعودی عرب کے صوبوں عسیر، نجران، جیزان اور طائف شہر اور اس کے ایئرپورٹ کی طرف سفر نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
بی بی سی اردو کے مطابق برطانوی دفتر خارجہ نے شہریوں کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ یمن کی سرحد سے 10 کلومیٹر تک کے علاقے میں کسی بھی قسم کے سفر سے گریز کریں۔
برطانوی دفتر خارجہ کا بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حوثیوں نے سعودی عرب کے درالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بیلسٹک میزائل سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس کا کہنا ہے کہ ملک کے دارالحکومت ریاض میں ایک بیلسٹک میزائل کو تباہ کرنے کی کارروائی کے نتیجے میں میزائل کا ملبہ گرنے سے ایک بچوں کی نرسری اور ایک میڈیکل کمپلیکس کو نقصان پہنچا ہے۔
اس سے قبل یمن کی بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ حکومت کی حمایت کے لیے سعودی عرب کی قیادت میں قائم فوجی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا تھا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے حوثیوں کی جانب سے داغے گئے تین بیلسٹک میزائل مار گرائے ہیں۔
ترکی المالکی کی جانب سے ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ سعودی عرب کے فضائی دفاعی نظام نے خمیس مشیط کی جانب داغا گیا ایک بیلسٹک میزائل مار گرایا ہے جبکہ ریاض کی جانب داغے گئے دو مزید بیلسٹک میزائل بھی فضا ہی میں تباہ کر دیے گئے۔
