
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) چین کے خلائی اسٹیشن پر اب خلا باز صرف ستاروں سے ہی لطف اندوز نہیں ہوں گے بلکہ دیسی کھانوں کا مزہ بھی لیں گے، پاکستانی خلا باز کے لیے خصوصی طور پر 100 سے زائد اقسام کے حلال کھانے تیار کیے گئے ہیں۔
نجی ٹی وی چینل ’’ جیو نیوز‘‘ کے مطابق گزشتہ روز چین سے شنزو 24 مشن پر روانہ ہونے والے تین خلا بازوں میں ایک پاکستان کے ذیشان علی بھی ہیں، جن کے لیے خلا میں خصوصی طور پر دیسی کھانوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔
پاک چین دوستی کہکشاؤں تک جاپہنچی، پاکستانی خلا باز ذیشان علی چینی خلا بازوں کیساتھ خلا میں پہنچ گئے
اس خصوصی مینیو میں بیف نہاری، لیمب قورمہ، چنے اور چکن بٹر جیسے لذیذ پکوان شامل ہیں، خلائی اسٹیشن پر چھ افراد کے لیے خصوصی ڈنر کا اہتمام کیا گیا ہے، جہاں پاکستانی ذائقوں کی خوشبو زمین سے ہزارو ں کلومیٹر دور خلا میں بھی پہنچے گی۔
پاکستانی اور چینی خلا باز تقریباً ایک ہفتے تک خلا میں رہیں گے جہاں وہ مختلف قسم کے سائنسی تجربات اور ٹیکنالوجی ٹیسٹ انجام دیں گے۔
