
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری کی کاوشوں سے پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ رورو شپمنٹ کے ذریعے 2 ہزار سے زائد الیکٹرک گاڑیاں کراچی پورٹ پہنچ گئی ہیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیانیوز کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چودھری نے بتایا کہ ایم وی گرینڈے شنگھائی کامیابی کے ساتھ کراچی پورٹ کے جی ٹی ایم ایل ٹرمینل پر لنگرانداز ہوگیا، جہاں پاکستان کی پہلی رورو الیکٹرک گاڑیوں کی شپمنٹ اتاری جا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رورو جہاز کے ذریعے پہلی بار الیکٹرک گاڑیوں کی درآمد پاکستان کی بحری اور تجارتی تاریخ کا ایک اہم سنگ میل ہے، جو ملک میں جدید لاجسٹکس اور بندرگاہی نظام کے فروغ کی عکاسی کرتا ہے۔
