
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے پاکستان انڈر 19 ٹیم کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے پہلی مرتبہ انڈر 19 ٹیم کو سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کرلیا۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق ملاقات میں محسن نقوی نے پاکستان انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کی انگلینڈ میں شاندار کارکردگی پر نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی کی۔ہیڈ کوچ شاہد انور کے مطابق انگلینڈ میں عمدہ کارکردگی کے بعد چیئرمین پی سی بی نے کھلاڑیوں کو مدعو کیا، ان سے انفرادی ملاقات کی اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔
جہانگیر بلال کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کے ذریعے نوجوان کھلاڑی اپنے اہلِ خانہ کی مالی معاونت بھی کر سکیں گے۔
رضوان اللّٰہ نے چیئرمین پی سی بی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انعامات اور سینٹرل کنٹریکٹس کا اعلان نوجوان کھلاڑیوں کے لیے بڑی حوصلہ افزائی ہے۔
