لاہور (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید شروع کی، وہیں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے

لاہور (ویب ڈیسک) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے بعد جہاں سوشل میڈیا صارفین نے تنقید شروع کی، وہیں پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے وزیراعظم کی تعریفوں کے پل باندھ دیئے۔
اپنی ایک پوسٹ میں مریم اورنگزیب نے لکھا کہ "وزیراعظم شہباز شریف کو دل کی گہرائیوں سے خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں جنہوں نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے باوجود ایک ماہ تک اس کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا، یہ صرف ایک فیصلہ نہیں بلکہ ذمہ دار قیادت، مؤثر حکمتِ عملی اور بہترین فِسکل مینجمنٹ کی واضح مثال ہے۔ انہوں نے نہایت دانشمندی کے ساتھ فِسکل اسپیس پیدا کی، کفایت شعاری کے اقدامات (Austerity Measures) اختیار کیے، غیر ضروری اخراجات میں کمی کی اور ہر ممکن طریقے سے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کی۔ یہ امر بھی قابلِ تحسین ہے کہ عالمی سطح پر جہاں مختلف ممالک میں پٹرول کی قلت اور قیمتوں میں شدید اضافہ دیکھنے میں آیا، وہاں پاکستان کو اس بحران سے محفوظ رکھا گیا، یہ مضبوط پالیسی اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا ثبوت ہے۔ یہ فرق ہوتا ہے ایک ذمہ دار قیادت اور ایک ایسی قیادت میں جس نے اپنی جھوٹی اور مصنوعی سیاست کو بچانے کے لیے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیا۔
ان کا کہنا تھاکہ میں اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو وفاق کی اکائیوں اور پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو اکھٹا ہونے پہ مبارکباد دیتی ہوں اور تمام وزرائےاعلیٰ کو خراج تحسین پیش کرتی ہوں۔ ہم انشااللہ ایک قوم بن کر ان مشکل حالات کامقابلہ کریں گے انشاءاللہ انشاءاللہ، جیسے جیسے عالمی حالات بہتر ہوں گے، اسی عزم اور حکمت کے ساتھ مزید ریلیف بھی فراہم کیا جائے گا۔
