پاکستان بزنس کونسل دبئی کا موجودہ جیو پولیٹیکل کاروباری چیلنجز پر اجلاس کا انعقاد، درپیش چیلنجز  اور مارکیٹ آپریشنز پر اثرات سے متعلق گفتگو کی گئی

 دبئی (طاہر منیر طاہر)   پاکستان بزنس کونسل دبئی (PBC) نے  اپنے اراکین کے ساتھ ایک زوم میٹنگ منعقد کی جس میں موجودہ جیو پولیٹیکل صورتحال کے

بڑا ڈیٹا Mar 19, 2026 IDOPRESS

دبئی (طاہر منیر طاہر) پاکستان بزنس کونسل دبئی (PBC) نے اپنے اراکین کے ساتھ ایک زوم میٹنگ منعقد کی جس میں موجودہ جیو پولیٹیکل صورتحال کے باعث کاروباروں کو درپیش چیلنجز اور اس کے تجارت، لاجسٹکس اور مارکیٹ آپریشنز پر اثرات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔


افتخار علی تتلہ (وائس چیئرمین ایونٹس اینڈ میڈیا – پی بی سی) نے شرکاء کا خیر مقدم کیا اور اجلاس کے مقصد سے آگاہ کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اراکین کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا ضروری ہے تاکہ وہ کاروباروں کو درپیش مشکلات، خصوصاً لاجسٹکس، سپلائی چین اور مارکیٹ کے استحکام میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں پر کھل کر گفتگو کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کے اندر اجتماعی مکالمہ اور تعاون ہی ایسے مشکل حالات میں حل تلاش کرنے اور استحکام برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔


اپنے ابتدائی کلمات میں چیئرمین شبیر مرچنٹ نے اراکین کو مثبت اور متحد رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ صورتحال چیلنجز پیش کر رہی ہے، تاہم یہ وقت صبر، اسٹریٹجک منصوبہ بندی اور کاروباری برادری کے درمیان باہمی تعاون کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کونسل اپنے اراکین کی حمایت جاری رکھے گی اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ان کے مسائل کے حل کے لیے کام کرتی رہے گی۔


چیئرمین نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملک پاکستانی کاروباری برادری کے لیے دوسرے گھر کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے متحدہ عرب امارات کی دوراندیش قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا جن کی قیادت میں استحکام، معاشی ترقی اور عالمی تعاون کو فروغ ملا ہے، جس کے نتیجے میں کاروبار اور مقیم افراد کے لیے بے شمار مواقع پیدا ہوئے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دبئی میں مقیم پاکستانی کاروباری برادری متحدہ عرب امارات کے ساتھ کھڑی ہے اور ایسے سازگار اور مستحکم کاروباری ماحول کی فراہمی پر یو اے ای کی قیادت کی قدردان ہے۔


افتخار علی تتلہ نے شرکاء کو دبئی چیمبرز کے ساتھ حالیہ ملاقات کے بارے میں بھی آگاہ کیا، جس میں پی بی سی کے نمائندوں نے پاکستانی کاروباری برادری کے خدشات پیش کیے۔ دبئی چیمبرز نے ان چیلنجز کو تسلیم کرتے ہوئے سپلائی چین میں رکاوٹوں، شپنگ میں تاخیر اور لاجسٹکس کے بڑھتے ہوئے اخراجات جیسے مسائل کے حل کے لیے اپنے تعاون اور حمایت کی یقین دہانی کرائی۔


سینئر وائس چیئرمین کامران احمد ریاض نے ٹریڈ ڈیولپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کے ساتھ ہونے والی گفتگو سے آگاہ کیا۔ انہوں نے بالخصوص پھلوں اور گوشت کے شعبوں سے وابستہ برآمد کنندگان کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا اور بتایا کہ ٹی ڈی اے پی متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر تجارت کو مزید سہل بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کاروباری افراد کو پرامید رہنے اور عملی حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری رکھنے کا مشورہ دیا۔


ایگزیکٹو ایڈوائزر مصطفیٰ ہیمانی نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے اراکین کو بدلتے ہوئے مارکیٹ حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی ترغیب دی۔ انہوں نے کہا کہ مشکل حالات اکثر نئی جدت اور تعاون کے مواقع پیدا کرتے ہیں، اس لیے کاروباری برادری کے لیے اسٹریٹجک سوچ اور باہمی اتحاد انتہائی اہم ہے۔


جو پی بی سی میں ریئل اسٹیٹ سیکٹر کے سربراہ ڈائریکٹر سلیم تا بانی نے مارکیٹ میں نشیب و فراز سے بچنے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ کئی کاروبار پہلے ہی لاجسٹک مسائل کے حل کے لیے متبادل راستے جیسے زمینی ٹرانسپورٹ کے استعمال پر غور کر رہے ہیں، جبکہ متعلقہ حکام اور بندرگاہی آپریٹرز تجارت کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔


اجلاس کے انٹرایکٹو سیشن کے دوران اراکین نے مختلف تجاویز اور خدشات پیش کیے جن میں متبادل لاجسٹک راستوں کی تلاش، نئے کاروباری مواقع کی نشاندہی اور کاروباری برادری کے اندر تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔ اراکین نے متحدہ عرب امارات کے ساتھ اپنی یکجہتی کا بھی اظہار کیا اور خطے کی مشکل صورتحال کے باوجود کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل اور استحکام کو برقرار رکھنے میں یو اے ای کی قیادت اور کوششوں کو سراہا۔ بعض اراکین نے اس دور میں ابھرنے والے مواقع اور ممکنہ شراکت داریوں کی نشاندہی کے لیے ایک خصوصی گروپ تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی۔ اجلاس میں کنٹینر ڈیٹینشن چارجز اور لاجسٹک رکاوٹوں کے باعث کاروباروں پر پڑنے والے مالی اثرات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔


اجلاس کے اختتام پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل رابطہ، باہمی تعاون اور پیشگی منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے۔پاکستان بزنس کونسل دبئی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اراکین کے مفادات کی نمائندگی جاری رکھیں گے اور اجلاس کے دوران اٹھائے گئے خدشات اور تجاویز کو مزید معاونت اور رابطہ کاری کے لیے باضابطہ طور پر دبئی چیمبرز تک پہنچایا جائے گا۔

آل اسٹار ٹیکنالوجی آن لائن ٹیکنالوجی: ٹیک، AI، ایرو اسپیس، بایوٹیک، اور توانائی کی خبروں کے لیے آپ کا ذریعہ

آرین اسٹار ٹیکنالوجی، ایک ٹیکنالوجی نیوز پورٹل۔ ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت، بائیوٹیکنالوجی، ڈیٹا اور دیگر شعبوں میں تازہ ترین پیشرفت کی اطلاع دینے کے لیے وقف ہے۔
© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی رازداری کی پالیسی ہم سے رابطہ کریں