
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کےلیے چاروں صوبوں کے عوام سے پوچھا جائے، اگر عوام صوبے بنانا چاہیں تو ٹھیک ہے۔باقی صوبوں میں یونٹ کب بنیں گے کچھ معلوم نہیں لیکن اسلام آباد یونٹ سب سے پہلے بنے گا۔
’’جنگ ‘‘ کے مطابق ’’اسلام آباد کو علیٰحدہ صوبہ بنانے کی تجویز‘‘ پر سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ پارلیمان کے اندر ایکٹ کے ذریعے اسلام آباد یونٹ بنانے کے لیے کوشش کر رہے ہیں۔ ہم یہ ماڈل بنانے میں ضرور کامیاب ہوں گے۔ سارے مسائل کا حل اس نئے ماڈل میں ہے۔ باقی صوبوں میں یونٹ کب بنیں گے کچھ معلوم نہیں لیکن اسلام آباد یونٹ سب سے پہلے بنے گا۔
طارق فضل چودھری نے کہا کہ اسلام آباد کے حوالے سے بل بہت مشکل سے پاس کرواتے ہیں، اسلام آباد کی اسمبلی ہوگی تو 27 لوگ بل پاس کیا کریں گے۔ اسلام آباد میں آزاد جموں کشمیر سے زیادہ ریوینو اکٹھا ہوتا ہے۔ ہمیں پتہ ہے کہ اس مرض کی جڑ کہاں ہے۔
