
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایران کی پارلیمنٹ کے سپیکر محمد باقر غالیباف نے امریکہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب متناسب جواب دینے کا وقت ختم ہو چکا اور ’کھیل کے قواعد‘ تبدیل ہو چکے ہیں۔
بی بی سی اردو کے مطابق ایرانی پارلیمنٹ میں خطاب کرتے ہوئے غالیباف کا کہنا تھا کہ ایران اس وقت ’پورے کفر کے محاذ کے خلاف ایک ہمہ گیر جنگ‘ لڑ رہا ہے اور ’امریکی اڈوں پر شدید حملوں کے بعد دشمن ممالک کے رہنما مایوسی کا شکار ہو چکے ہیں اور کھوکھلے بیانات اور نعروں کے ذریعے مصنوعی ذہانت کی مدد سے محاذِ جنگ کی تصاویر اور ویڈیوز تیار کر رہے ہیں۔‘
انھوں نے مزید کہا کہ ’امریکیوں کو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ متناسب ردِعمل کا دور اب ختم ہو چکا ہے اور جارح قوت کے اڈے پر ہماری حالیہ کارروائی میں کیے گئے حملے صرف آغاز تھے۔‘
’اگر وہ اب تک یہ نہیں سمجھے تو انہیں تاخیر ہونے سے پہلے سمجھ لینا چاہیے کہ کھیل کے قواعد بدل چکے ہیں اور اب سے ایران کے مفادات اور سلامتی کے خلاف کسی بھی اقدام کا جواب زیادہ تیز، زیادہ شدید اور زیادہ تکلیف دہ ہوگا۔‘
