
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پنجاب میں نکاسی آب کے نظام کو جدید بنانے کے منصوبے کے تحت 15 اضلاع کے لیے 272 جدید سیوریج مشینیں متعلقہ واسا حکام کے حوالے کر دیں۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق مریم نواز نے کہا کہ حکومت صرف لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب میں شہری سہولیات کو بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے، جبکہ 41 اضلاع میں واسا کو مجموعی طور پر 696 مشینیں اور آلات فراہم کیے جا رہے ہیں۔
لاہور میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ ترقی کا سفر صرف لاہور تک محدود نہیں بلکہ پورے پنجاب کے عوام کو جدید شہری سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب میں واسا نیٹ ورک کو دو اضلاع سے بڑھا کر 41 اضلاع تک وسعت دی جا چکی ہے اور عوام کی سہولت کے لیے مؤثر سیوریج اور جدید نکاسی آب کے نظام کو تیزی سے اپ گریڈ کیا جا رہا ہے۔
