
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے درمیان جاری اختلافات کے تناظر میں اہم رابطہ ہوا ہے، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات کے لیے زرداری ہاؤس پہنچے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور آئندہ وفاقی بجٹ سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے تحفظات کا اظہار کیا گیا، جنہیں بلاول بھٹو زرداری نے براہ راست نائب وزیراعظم کے سامنے رکھا۔
ملاقات میں پیپلز پارٹی کے رہنما نوید قمر، شیری رحمان اور سندھ کے صوبائی وزیر جام خان شورو بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جام خان شورو نے سندھ کے ترقیاتی منصوبوں اور پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) سے متعلق اسحاق ڈار کو بریفنگ دی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بلاول بھٹو کے تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرائی اور سندھ کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق معاملات کو باہمی مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر جام خان شورو نے بلاول بھٹو زرداری کو پی ایس ڈی پی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی تھی۔
