
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پرعوام کو اتنا تو ریلیف نہیں دیا جتنے کے اشتہارات چلوا دیئے، قوم کو ریلیف کی بھیک نہیں بلکہ اپنا حق چاہیے، 2 روز کے بعد اسلام آباد مارچ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کے مطابق پیٹرولیم لیوی بھتہ ٹیکس کی ظالمانہ وصولی، آئی پی پیز کے عوام دشمن معاہدوں کے خلاف گورنر ہاؤس دھرنے کے 31ویں روز کراچی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ آج پورے پاکستان میں 41 مقامات پر دھرنے دiuy جارہے ہیں۔ جماعت اسلامی کی ٹیم اور حلقہ خواتین کو تاریخی جلسے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے اپنا 29 روز کا ریکارڈ توڑ دیا، ہر گزرتے دن کے ساتھ عوام کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے اور اسلام آباد مارچ کی تیاری ہورہی ہے۔پرسوں اسلام آباد مارچ کا لائحہ عمل بتایا جائے گا جبکہ آج جماعت اسلامی کی مذاکراتی ٹیم کی حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ملاقات ہوئی اور ہم نے پیٹرول ، آئی پی پیز سے متعلقات تمام حجت پوری کرلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ جب ہماری کمیٹی کہتی ہے کہ سرکاری ملازمین کو 1300 سی سی میں لایا جائے تو انہیں سانپ سونگ جاتا ہے۔
