لاڑکانہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شعبۂ صحت میں کسی صوبے سے نہیں دنیا سے مقابلہ کر رہے

لاڑکانہ ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ شعبۂ صحت میں کسی صوبے سے نہیں دنیا سے مقابلہ کر رہے ہیں۔ 18 ویں ترمیم کے بعد سندھ میں صحت کے شعبے میں نمایاں بہتری آئی ہے۔
لاڑکانہ میں شہید بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کے کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تمام گریجویٹس کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، آپ سب نے اب عملی زندگی میں قوم کی خدمت کو شعار بنانا ہے۔ تعلیم کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جاسکتا، لاڑکانہ ایک شہر نہیں بلکہ ناانصافی کے خلاف مزاحمت کی علامت بھی ہے، آپ نے بلاتفریق انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہے، کسی بھی وبا کے وقت ڈاکٹروں اور نرسز نے ہر اول دستے کا کردارادا کیا ہے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی کا کہنا تھا کہ جس ڈسٹرکٹس میں نہیں پہنچے وہاں بھی صحت کی سہولیات فراہم کریں گے، چاہیں گے باقی ادارے بھی اچھی کارکردگی دکھائیں، پاکستان سے پہلے سندھ میں صرف ایک یونیورسٹی تھی، 1947 سے لیکر 2008 تک صوبے میں 16 یونیورسٹیاں تھیں، آج صوبہ سندھ میں 30 یونیورسٹیاں قائم کیں۔ہماری کوشش ہے سندھ کے ہر ڈسٹرکٹ میں ایک یونیورسٹی قائم ہو، پسماندہ علاقوں میں بھی تعلیم کا حصول ممکن ہو۔
