لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین میں 5ہزار گائے و بھینسیں فراہم کرنے کیلئے قرعہ اندازی مکمل ہو گئی ۔ تفصیلات کے مطابق وزیرِ

لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین میں 5ہزار گائے و بھینسیں فراہم کرنے کیلئے قرعہ اندازی مکمل ہو گئی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب دیہی خواتین اثاثہ جات منتقلی پروگرام کے تحت فیز ٹو کی ای۔بیلٹنگ کی تقریب آج لائیو سٹاک کمپلیکس لاہور میں کامیابی سے ہوئی۔ اس موقع پر جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کی موصول ہونے والی درخواستوں پر شفاف، منصفانہ اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ای۔بیلٹنگ کا عمل مکمل کیا گیا۔
ای۔بیلٹنگ کی تقریب کی صدارت صوبائی وزیر لائیو سٹاک پنجاب سید عاشق حسین کرمانی نے کی، جبکہ سیکرٹری لائیو سٹاک پنجاب احمد عزیز تارڑ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ای۔بیلٹنگ کے عمل کو شفافیت، میرٹ اور جدید ٹیکنالوجی کا عملی مظہر قرار دیا۔
اس موقع پر صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے بتایا کہ اہل دیہی خواتین کا انتخاب پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کے ذریعے ای۔بیلٹنگ سے کیا گیا تاکہ کسی بھی قسم کی مداخلت کے بغیر مکمل شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت جنوبی پنجاب کی دیہی خواتین کو 2 ارب روپے مالیت کے لائیو سٹاک اثاثے فراہم کیے جا رہے ہیں، جن کا مقصد خواتین کو معاشی طور پر خودمختار بنانا اور دیہی معیشت کو مستحکم کرنا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ یہ منصوبہ مالی سال 2024 تا 2026 (24 ماہ) پر محیط ہے اور جنوبی پنجاب کے 12 اضلاع کی دیہی خواتین اس سکیم سے مستفید ہو رہی ہیں۔ سکیم کے تحت بیوہ اور مطلقہ خواتین کو گائے اور بھینسیں فراہم کی جا رہی ہیں، جن کے لیے عمر کی حد 55 سال اور PMT اسکور 32 مقرر کیا گیا ہے۔
فیز ٹو کے تحت 1,28,562 درخواستوں پر ای۔بیلٹنگ کی گئی، جبکہ 4,870 منتخب خواتین کو ساہیوال، چولستانی، نیلی راوی اور کنڈی نسل کے جانور فراہم کیے جائیں گے۔ منصوبے کے قواعد کے مطابق جانوروں کی فروخت پر ایک سال کی پابندی ہو گی اور جانوروں کی فراہمی کے بعد 12 ماہ تک مانیٹرنگ اور فالو اپ کو یقینی بنایا جائے گا۔
تقریب کے دوران صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے ای۔بیلٹنگ میں کامیاب ہونے والی چند خواتین کو موقع پر فون کالز کر کے مبارکباد بھی دی۔ منتخب خواتین نے خوشی اور تشکر کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پنجاب اور محکمہ لائیو سٹاک کا شکریہ ادا کیا۔
آخر میں صوبائی وزیر لائیو سٹاک نے ای۔بیلٹنگ میں کامیاب ہونے والی تمام خواتین کو مبارکباد دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب دیہی خواتین کی معاشی بہتری، خود روزگاری اور پائیدار ترقی کے لیے ایسے فلاحی منصوبے آئندہ بھی جاری رکھے گی۔
