مصنف:رانا امیر احمد خاں قسط:189سٹیزن کونسل آف پاکستان تھنک ٹینک ھٰذا منظم کرنے کے مقاصد، دستور العمل، کام کا طریقہ کار وغیرہ کے بارے میں راقم نے

مصنف:رانا امیر احمد خاں
قسط:189
سٹیزن کونسل آف پاکستان
تھنک ٹینک ھٰذا منظم کرنے کے مقاصد، دستور العمل، کام کا طریقہ کار وغیرہ کے بارے میں راقم نے ایک رف ڈرافٹ تیار کر کے اس کے مندرجات کے بارے میں 20/25 احباب کے ساتھ فرداً فرداً مشاورت کی اور ان کی آراء کی روشنی میں اس ڈرافٹ کو مکمل کیا۔ تھنک ٹینک ھٰذا کے انتظام و انصرام کے لیے ایک عمدہ باوقار، باصلاحیت ٹیم کی تلاش تھی جس کے لئے میں معروف قانون دان، شاعر، مصنف اور کالم نگار ظفر علی راجا سے پہلی بار اْن کے گھر واقع اسلام پورہ جا کر ملا اور ان سے گزارش کی کہ میں نے پوری ہائی کورٹ بار میں نظر دواڑئی ہے آپ کی مرنجان مرنج طبیعت کے پیشِ نظر مجھے سٹیزن کونسل آف پاکستان جیسے نئے ادارے کی جنرل سیکرٹری شپ کے لیے آپ سے زیادہ بہتر، موزوں، بااعتماد، با صلاحیت وکلاء میں کوئی دوسری شخصیت نظر نہیں آتی۔ اس لیے آپ مجھے انکار نہیں کریں گے۔ میری خوش نصیبی، انہوں نے میرا مان رکھا اور اپنی مصروفیات گنواتے ہوئے تھوڑا پس و پیش کرتے ہوئے میری تجویز پر صاد کہہ دیا، میری جان میں جان آئی۔ سیکرٹری مالیات کے عہدہ کے لیے میری نظر میرے پرانے مہربان دوست میجر ایم اقبال حسین (مالک رئیل بلڈرز) کی طرف گئی، ان سے بہتر کوئی دوسرا نہ تھا۔ وہ ایک خوبصورت انسان ہیں اور خرچ کرنے کا حوصلہ بھی رکھتے ہیں۔ دیگر بانی ممبران میں میرے ساتھ ایڈووکیٹ رائے عارف حسین، ایڈووکیٹ اختر علی قریشی، پاکستان یوتھ موومنٹ کے ہمارے پرانے ساتھی سید حسین احمد شیرازی (سابق ممبر فیڈرل بورڈ آف ریونیو) ایم اکرم (کسٹم آکشنیئر) گنگا رام سے ڈاکٹر محی الدین، انجینئرنگ یونیورسٹی سے پروفیسر اعجاز احمد چوہدری، جڑانوالہ سے بیگم ناز اسلم رائے، معروف شاعر نذیر قیصر و بیگم عابدہ قیصر، راولپنڈی سے سید ندیم حسین، پی ٹی وی لاہور سے سینئر پروڈیوسر، شاعر ادیب افتخار مجاز، ایڈووکیٹ توصیف الحسنین لاہور ہائی کورٹ بار کے سابق صدر جہانگیر اے جھوجہ ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، پاکپتن سے رانا وسیم لیاقت بزنس مین، اوکاڑہ سے رانا اسحٰق خاں بیدار، ایڈووکیٹ راؤ طاہر شکیل، طارق زبیری، مانچسٹر انگلینڈ سے بیگم رفعت علی، ایڈووکیٹ عالمگیر، ایڈووکیٹ رافع احمد خان، (آرکیٹیکٹ انجینئر افضل ملک) ایڈووکیٹ چوہدری مشتاق احمد، ایڈووکیٹ عرفان سعید، چونیاں سے ایڈووکیٹ رانا عبدالشکور خاں ممبر پنجاب بار کونسل،وکالت میں میرے سینئر رانا محمد سرور (سابق جج لاہور ہائی کورٹ) شامل ہیں۔
پہلا اجلاس جنرل کونسل 21 جولائی 2006ء کو جم خانہ کلب دی مال لاہور میں میرے زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں میری طرف سے پیش کردہ تحریری مسودہئ آئین برائے قیام سٹیزن کونسل آف پاکستان پڑھ کر سنایا گیا۔ بعدازاں احباب نے اظہار خیال کرتے ہوئے ادارہ کی ضرورت و اہمیت، مقاصد اور طریقہ کار کو سراہا اور منظوری دی گئی۔ شرکاء اجلاس کی آراء کی روشنی میں متفقہ طور پرمجھے بطور بانی صدر ادارہ کا اختیار دیا گیا کہ وہ فی الحال آئندہ ایک سال تک عبوری مدت کے لیے عہدیداران کے انتخاب کی بجائے نامزدگی کرتے ہوئے ادارہ کے اغراض و مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینکس کی تشکیل کریں اور انہیں سرگرم عمل کرنے کے لیے ضروری اقدامات کریں۔ آرکیٹیکٹ انجینئر افضل ملک کی تجویز سے اتفاق کرتے ہوئے یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پہلے قدم کے طور پر پاکستان میں امور عدلیہ و بار کے شعبہ جات میں بہتری پیدا کرنے کے لیے آئینی ماہرین پر مشتمل تھنک ٹینک / ورکنگ گروپ / ٹاکس فورس قائم کی جائے جو پاکستان میں بار اور عدلیہ کا احترام بحال کرنے، تمام سرکاری اداروں / محکموں میں قانون، میرٹ کی حکمرانی / بالادستی اور نفاذ قانون کو یقینی بنانے، نیز حصول انصاف کو سستا ترین اور جلد تر بنانے کی تحریک کے لیے اقدامات تجویز کرے اور مجلس عاملہ کی منظوری سے عملی اقدامات کرے۔
(جاری ہے)
نوٹ: یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں)ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔
