
اسلام آباد( ڈیلی پاکستان آن لائن ) خیبر پختونخواحکومت کےمجوزہ پولیس ایکٹ 2026 پر پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر کا بیان بھی آ گیا ۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے بانی رہنما اکبر ایس بابر نے کہا ہے کہ خیبر پختونخواحکومت کا مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 غیر آئینی اور غیرقانونی ہے۔مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 کا مقصد خیبرپختونخوا پولیس کو بدنام زمانہ فیڈرل سکیورٹی فورس (FSF) میں تبدیل کرنا ہے جسے 1970 کی دہائی میں سیاسی مخالفین پر ظلم و بربریت کے لئے استعمال کیا گیا تھا۔
اکبر ایس بابر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 پولیس کے آپریشنل، مالی اور انتظامی اختیارات میں سیاسی مداخلت اور اسے کنٹرول کرنے کی کوشش ہے جسے فروری 2026 میں پشاور ہائی کورٹ کا ڈویژن بنچ پہلے ہی کالعدم قرار دے چکا ہے۔مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 سے خیبرپختونخوا میں فسطائیت کی راہ ہموار ہوگی۔مجوزہ پولیس ایکٹ 2026 نے جمہوریت کے علمبرداروں کی قلعی کھول کر رکھ دی ہے جو پولیس کو عوام کے تحفظ کے بجائے اپنے سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔
