
پشاور (ڈیلی اکستان آن لائن) خیبرپختونخوا کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) نے صوبے میں پولیس ایکٹ میں ترامیم کے حوالے سے صوبائی کابینہ کو آگاہ کیا کہ اس حوالے متعلق ترامیم کو پشاور ہائی کورٹ پہلے ہی کالعدم قرار دے چکی ہے۔
نجی ٹی وی چینل ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کو ذرائع نے بتایا کہ آئی جی نے مجوزہ پولیس ایکٹ سے متعلق کابینہ اجلاس میں اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ پشاور ہائی کورٹ آئی جی سے اختیارات لینے سے متعلق ترامیم کالعدم قرار دے چکی ہے اور اس موقع پر چیف سیکریٹری نے آئی جی کے مؤقف کی تصدیق کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پولیس کے پالیسی اور آپریشنل امور کو الگ کیا جائے گا، تمام موجودہ ڈسپیوٹ ریزولوشن کونسلز تحلیل کرکے نئے قانون کے تحت ازسرنو تشکیل دی جائیں گی، مجوزہ قانون پولیس کے نظام میں اہم اصلاحات متعارف کرانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔
