
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے قتل اور اقدامِ قتل کے مقدمے میں مجرم محمد حسن کی پھانسی کی سزا کلعدم قرار دیکر بری کردیا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مس عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل خان پر مشتمل دو رکنی بنچ نے ملزم محمد حسن کی اپیل پر 22 صفحات پر مشتمل تفصیلی فیصلہ جاری کیا، جسے عدالتی نظیر قرار دیا گیا ہے۔
عدالت نے ملزم کو فوری طور پر جیل سے رہا کرنے کا حکم بھی جاری کردیا ملزم کے خلاف سال 2021 میں تھانہ منڈی احمد آباد، دیپالپور، ضلع اوکاڑہ میں قتل اور اقدام قتل کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، ٹرائل کورٹ نے مقدمے کی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزم کو سزائے موت اور دس سال قید کی سزا سنائی تھی، جبکہ بعد ازاں سزائے موت کی توثیق کے لیے مرڈر ریفرنس لاہور ہائیکورٹ بھجوایا گیا۔
عدالت نے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد محمد حسن کی سزاکالعدم قرار دیتے ہوئےبری کرنے کا حکم دیدیا۔
