
تہران(ڈیلی پاکستان آن لائن)ایرانی سپریم لیڈر مجتبیٰ خامنہ ای کے مشیر محسن رضائی نے کہا ہے کہ مجوزہ معاہدے کے مسودے میں بعض نکات اب بھی وضاحت طلب ہیں۔
ایرانی سرکاری ٹیلی وژن کو دیئے گئے انٹرویو میں محسن رضائی نے کہا کہ جنگ کے خاتمے کیلئے مفاہمتی یادداشت کے موجودہ مسودے میں بعض ابہام موجود ہیں جن کی وضاحت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مسودے میں ایسے کئی نکات شامل ہیں جو ابھی واضح نہیں ہیں اور ان پر مزید بات چیت کی ضرورت ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایران پر دباؤ ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ تہران ان کی شرائط قبول کر لے جبکہ ایران کی جانب سے پیش کی گئی شرائط کو غیر واضح اور مبہم حالت میں رکھا جا رہا ہے۔
محسن رضائی کے مطابق کسی بھی حتمی معاہدے تک پہنچنے سے قبل تمام متنازع اور غیر واضح نکات کی مکمل وضاحت ناگزیر ہے تاکہ فریقین کے درمیان پائیدار اور قابلِ قبول سمجھوتہ ممکن بنایا جا سکے۔
