
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے سکولوں کو صرف عمارتیں نہیں بلکہ تعلیم، خواندگی اور سماجی ترقی کے مراکز بنایا جائے گا اور کسی بچے کو تعلیم سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت وزیراعلیٰ ہاؤس میں تعلیمی منصوبوں سے متعلق اجلاس ہوا، اجلاس میں صوبے میں نئے اور تعمیرِ نو کے مراحل سے گزرنے والے سکولوں کو فعال بنانے اور داخلہ مہم شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ سندھ بھر میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے 838 سکول تعمیر، اپ گریڈ یا بحال کئے جا رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ سکولوں کی تکمیل سے پہلے ضلع وار داخلہ منصوبے تیار کئے جائیں اور مقامی نمائندوں، رہنماؤں اور والدین کو داخلہ مہم میں شامل کیا جائے۔
