جدہ (محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے اور پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لئے

جدہ (محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر شہباز حسین چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے اور پاکستانی مصنوعات کے فروغ کے لئے پاکستانی سرمایہ کاروں کو پہلے سے زیادہ کام کرنا ہو گا کیونکہ اسوقت سعودی عرب نے سرمایہ کاروں کے لئے بہت سے مواقع پیدا کئے ہوئے ہیں جن سے پاکستانیوں کو فائدہ اٹھانا چاہیئے جس سے نہ صرف مزید پاکستانی پراڈکٹس یہاں متعارف ہونگی بلکہ پاکستان کو زرمبادلہ بھی حاصل ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے یو آئی کے سینئر رہنما انجینیئر سجاد خان اور مسلم لیگ ن کے مرکزی جنرل سکریٹری ملک منظور اعوان کیطرف سے پاکستان انویسٹرز فورم کے نو منتخب عہدیداروں صدر چوہدری شفقت محمود اور سکریٹری جنرل مہر عبدالخالق لک کے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں انوسیٹرز فورم کے اراکین نے بڑی تعداد جن میں سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری اکرم گجر، چوہدری عنصر محمود دھول، بلو شیر انٹرنیشنل کے چیئرمین بلو شیر سمیت کمیونٹی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ چوہدری شہباز حسین نے کہا کہ پاکستانی سرمایہ کار آپس میں قریبی روابط رکھیں اور ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھائیں یکجہتی کے ساتھ آگے بڑھیں۔
اس موقع پر انجینیئر سجاد خان اور ملک منظور حسین نے تمام مہمانوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے پاکستان انویسٹرز فورم کی جانب سے چوہدری شفقت محمود دھول کو صدر اور مہر عبدالخالق لک کو جنرل سیکریٹری منتخب کرنے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب پاکستانی ہیں اور ملک کی ترقی کے لیے مشترکہ کردار ادا کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ خصوصاً تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ پاکستان زرِمبادلہ بھجوا کر ملکی معیشت کے استحکام میں اپنا حصہ ڈالیں۔
جنرل سیکریٹری پاکستان انویسٹرز فورم مہر عبدالخالق لک نے بھی اعتماد کرنے پر تمام انویسٹرز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل اور باہمی کاروباری تعلقات کے فروغ کے لیے جامع حکمتِ عملی تیار کی جا رہی ہے، اور صدر انویسٹرز فورم کی پاکستان سے واپسی کے بعد باقاعدہ کمیٹیاں تشکیل دے کر سب کے مشورہ سے عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔
تقریب سے سابق مشیر وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری اظہر عباس وڑائچ، چیئرمین مسلم لیگ (ن) سعودی عرب چوہدری محمد اکرم گجر، عنصر محمود دھول اور بلو شیر وڑائچ نے بھی خطاب کیا۔ مقررین نے کمیونٹی میں اتحاد و اتفاق اور تاجر برادری کے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے چوہدری شفقت محمود دھول اور مہر عبدالخالق لک کو ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
جبکہ جموں و کشمیر اورسیز کمیٹی کے چیئرمین عارف مغل نے تلاوت کلام پاک کرنے کا شرف حاصل کیا، جبکہ چوہدری عنصر محمود دھول نے آخر میں سورۃ عصر کے دعائی کلمات سے اختتام کیا۔
