ٹیک

نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز کی طالبات پر مشتمل ٹیم ’پیٹرونس“ نے پاکستان کا پہلا فائیو جی انوویشن ہیکا تھون جیت لیا

Mar 11, 2024

اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):نیشنل یونیورسٹی آف کمپیوٹر اینڈ ایمرجنگ سائنسز (نیوسس۔فاسٹ) کی طالبات پر مشتمل ٹیم ’پیٹرونس“ نے جاز اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) کے اشتراک سے منعقدہ پاکستان کا پہلا فائیو جی انوویشن ہیکا تھون جیت لیا۔

کوڈ فار پاکستان (سی ایف پی)نے عملدرآمدی جبکہ ہواوے نے ہیکا تھون میں اور ٹیکنالوجی پارٹنرز کا کردار ادا کیا۔جتینے والی ٹیم نے فائیو جی سے چلنے والے جدید ہیلتھ مانیٹرنگ سسٹم پر شاندارپراجیکٹ پیش کیا جو وائی فائی سنگنلز، بالخصوص چینل اسٹیٹ انفارمیشن (سی ایس آئی) ڈیٹا سے بھرپور استفادہ کرتے ہوئے نقائص کی درست نشاندہی اور دل کے دھڑکنے اور سانس لینے کی شرح کا تجزیہ فراہم کرتا ہے۔غلام اسحاق خان انسٹی ٹیوٹ آف انجینئرنگ سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (جی آئی کے آئی) کی ٹیم ”سیلولر وی ٹو ایکس انہاسمنٹ نے ہیکاتھون میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔ ٹیم نے گاڑیوں کو فائیوجی نیٹ ورک سے منسلک کرتے ہوئے ٹریفک مینجمنٹ سسٹمز اور پیدل چلنے والوں کے درمیان جدید مواصلات کو فروغ دینے کے لئے پراجیکٹ پیش کیا۔

جاز کے سی ای او عامر ابراہیم نے ہیکاتھون کی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان کے پہلے فائیو جی انوویشن ہیکاتھون کا کامیاب اختتام لاکھوں پاکستانیوں کی زندگیوں پر مثبت اثرات مرتب کرنے اور ان کے روزگار کو بہتر بنانے کیلئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کے ہمارے سفر میں ایک نمایاں سنگ میل ہے،اس طرح کے اقدامات کے ذریعے ہم پاکستان کے باصلاحیت نوجوانوں کو جدت کے فروغ اور ہمارے معاشرے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔

نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ(این آئی ٹی بی) کے سی ای او بابر مجید بھٹی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ڈیجیٹل مستقبل کیلئے فائیو جی انوویشن ہیکا تھون جیسے اقدامات بنیادی حیثیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ فائیو جی ٹیکنالوجی سے استفادہ اور جدت کے فروغ کے ذریعے ہم چیلنجز سے نمٹنے کے ساتھ ساتھ ترقی اور خوشحالی کیلئے نئے مواقع پیدا کرسکتے ہیں۔

پی ٹی اے کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ فائیو جی ہیکاتھون ڈیجیٹل مستقبل کے راستے پر پاکستان کو گامزن کرنے کیلئے اشتراک اور جدت کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے۔ اس طرح کے پروگرام نہ صرف تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ دیتے ہیں بلکہ آگاہی بھی فراہم کرتے ہیں جو پالیسی کی تشکیل میں بہتر فیصلہ سازی اور جدید ٹیکنالوجیز کو اپنانے میں معاون ثابت ہوسکتے ہیں۔یہ ایوارڈز جاز کی طرف سے دسمبر2012میں قائم کی گئی پاکستان کی پہلی فائیو جی انوویشن لیب میں انڈسٹری لیڈرز اور موضوع کے ماہرین کی زیر سرپرستی اور زیر نگرانی دو ماہ کی تربیت کا نتیجہ ہیں۔

مجموعی طور پر 370 امیدواروں میں سے فاسٹ نیوسس، اسلام آباد، پی این ای سی نسٹ، کراچی، اسلام آباد سے تعلق رکھنے والے طلبا و طلبات، جی آئی کے آئی صوابی، نیشنل سائنس اور ٹیکنالوجی پارک (این ایس ٹی پی) اور یو ای ٹی پشاور پر مشتمل چھ فائنلسٹ ٹیموں کو ہیکا تھون میں جدت پر مبنی پراجیکٹ پیش کرنے کیلئے شارٹ لسٹ کیا گیا۔ایونٹ میں ملک کے مختلف شعبوں میں فائیو جی ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلاب لانے کے لئے متعدد جدید منصوبوں کی نمائش کی گئی۔

ٹکنالوجی ، مصنوعی ذہانت ، توانائی ، اور بہت کچھ کے دائروں میں جدید خبروں کے لئے آپ کا سب سے اہم ذریعہ۔ ارین اسٹار کے ساتھ ٹیک کے مستقبل کو دریافت کریں! باخبر رہیں ، متاثر رہیں!

فوری تلاش

ہمارے تیار کردہ مواد کو دریافت کریں ، زمینی بدعات کے بارے میں آگاہ رہیں ، اور سائنس اور ٹیک کے مستقبل میں سفر کریں۔

© ایرن اسٹار ٹیکنالوجی

رازداری کی پالیسی