
لاہور (جاذب صدیقی) ٹریفک پولیس لاہور نے ون ویلنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے متحرک ویلنگ گینگ کے سرغنہ کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈیفنس بلیوارڈ پر کی جانے والی اس کارروائی کے دوران پولیس نے حکمت عملی کے تحت سادہ لباس میں اہلکار تعینات کیے تھے جنہوں نے ویلنگ گینگ کے سرغنہ اے بی بٹ کو دبوچ لیا۔
ڈی ایس پی اشفاق خان کے مطابق گرفتار ملزم اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سینکڑوں ون ویلنگ اور قانون شکنی کی ویڈیوز اپلوڈ کر کے نوجوانوں میں ہلڑ بازی کو فروغ دے رہا تھا۔ پولیس نے ملزم کا انسٹاگرام اکاؤنٹ اور دیگر ڈیجیٹل ڈیٹا حاصل کر لیا ہے جبکہ گینگ کے فرار ہونے والے باقی ارکان کی گرفتاری کے لیے بھی چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
دریں اثنا، سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے واضح کیا ہے کہ شہر کی سڑکوں پر ون ویلنگ، تیز رفتاری اور اوور سپیڈنگ کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جشنِ آزادی کے پیش نظر لاہور پولیس کے تعاون سے عادی ون ویلرز کے خلاف ڈور نوکنگ مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ ان کے گھروں تک رسائی حاصل کی جا سکے۔شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے ویک اینڈ کی راتوں پر سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر ہلڑ بازی، روڈ ریج اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے عناصر کے خلاف آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
