
واشنگٹن (ویب ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہاہے کہ امریکہ اگلے دو ہفتوں کے اندر ایران پر ’مکمل فتح‘ کا اعلان کر سکتا ہے، اور دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی مذاکرات کار ’ہمیں سب کچھ دینے کے لیے تیار ہیں۔‘یہ بات بی بی سی نے بتائی۔
امریکہ میں بی بی سی کے پارٹنر ادارے سی بی ایس کے مطابق صدر ٹرمپ نے پیر کی شام جنوبی کیرولینا سے ریپبلکن سینیٹر لنڈسے گراہم اور ریاست کی گورنری کی امیدوار پامیلا اوٹ کی حمایت میں ایک ٹیلی فون ریلی میں کہا کہ ’آپ واقعی اگلے دو ہفتوں میں ایک فتح دیکھنے جا رہے ہیں، جب ہم مکمل فتح کا اعلان کریں گے۔ یہ ایک مکمل فتح ہونے والی ہے، یہ بہت جلد ہونے والی ہے، اور تیل کی قیمت ڈرامائی طور پر گرنے والی ہے۔‘
امریکی صدر نے حالیہ مہینوں میں امریکہ اور ایران کے درمیان تنازع کے فوری خاتمے کے بارے میں بارہا ایسی ہی پیشین گوئیاں کی ہیں۔ فروری کے آخر میں جنگ شروع ہونے کے بعد سے وہ بارہا کہہ چکے ہیں کہ بحران ہفتوں میں ختم ہو سکتا ہےتاہم، یہ ابھی تک واضح نہیں ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان مذاکرات کس مرحلے پر ہیں اور دونوں فریق کسی حتمی معاہدے کے کتنے قریب ہیں۔
